عالمی مالیاتی جریدے بلومبرگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت دوبارہ مضبوط ہو رہی ہےجس سے طویل بے یقینی کا دور اب ختم ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
بلومبرگ نےاپنی تازہ رپورٹ میں بتایا کہ ایس اینڈ پی گلوبل اور فچ ریٹنگز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری دکھائی ہے۔ ان اداروں نے وزیراعظم کے مالیاتی نظم و ضبط اور اصلاحاتی پالیسیوں کی تعریف بھی کی، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ ان کی مدت میں ممکنہ توسیع سے ملکی استحکام کی توقعات بھی بڑھ گئی ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق صرف رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں اسٹاک مارکیٹ میں 36 ہزار نئے ٹریڈنگ اکاؤنٹس کھولے گئے۔اکتوبر میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا یومیہ کاروبار 20 کروڑ ڈالر سے اوپر چلا گیا، جو سرمایہ کاری میں تیزی کی نشانی ہے۔
رپورٹ یہ بھی بتاتی ہے کہ گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ چھوٹے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد بھی اسٹاک مارکیٹ کا حصہ بن رہی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں اس سال 40 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیاجو گزشتہ کئی برسوں میں سب سے نمایاں بہتری ہے۔





