الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف کارروائی کی تجویز، قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا

الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف کارروائی کی تجویز، قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا

الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے مبینہ دھمکی آمیز بیان کا سخت نوٹس، قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کی تجویز

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حویلیاں جلسے میں سرکاری ملازمین کے حوالے سے دئیے گئے مبینہ دھمکی آمیز بیان کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والی مانیٹرنگ رپورٹ میں وزیراعلیٰ کے بیان کو ضابطہ اخلاق کی ممکنہ خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی تجویز سامنے آئی ہے۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے آج صبح ساڑھے گیارہ بجے ایک اہم اجلاس طلب کیا، جس میں تجویز پر عمل کے قانونی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کے لیگل ونگ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف کارروائی کی سفارش پیش کی۔

ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت سامنے آیا جب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حویلیاں میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضمنی الیکشن ڈیوٹی پر مامور سرکاری ملازمین اور پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے سخت جملے کہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر الیکشن کے دن کسی قسم کی بدمزگی ہوئی تو وہ “رات تک عہدوں پر نہیں رہیں گے۔” اسی دوران انہوں نے دعویٰ بھی کیا کہ 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار عمر ایوب کی اہلیہ “دو لاکھ ووٹ لے کر کامیاب ہوں گی۔”

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کسی کو دھمکی نہیں دی بلکہ قانون کے نفاذ کی بات کی تھی۔ انہوں نے اسے محض “سیاسی پوائنٹ اسکورنگ” قرار دیا اور یقین دلایا کہ حکومت ہر قیمت پر شفاف اور غیر جانبدارانہ ضمنی انتخابات یقینی بنائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے اس معاملے پر کارروائی کی تجویز کے بعد صوبائی اور وفاقی سطح پر ممکنہ سیاسی اور قانونی اثرات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس پیش رفت سے انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک اہم مثال قائم ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ!ایکشن ان ایڈ آف سول پاور قانون واپس

Scroll to Top