ہری پور کے حلقہ این اے 18 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز خان کے انتخابی جلسے میں شرکت کی تھی، جو الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ سرکاری عہدے داروں کو انتخابی جلسوں میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔
الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے انہیں صبح 10 بجے طلب کیا، جہاں سماعت کے بعد ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ تحصیل چیئرمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 27 نومبر تک یہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کرا کر چالان کی رسید الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا نے واضح کیا کہ انتخابات کی شفافیت اور غیر جانب داری کو یقینی بنانے کے لیے ضابطۂ اخلاق کی ہر خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری شخصیت کو انتخابی جلسوں یا سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔





