کے پی حکومت کا بڑا اقدام ،سپیشل برانچ کو علیحدہ یونٹ بنانے کی منظوری، تمام وسائل فراہم کرینگے،سہیل آفریدی

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی پولیس سپیشل برانچ کو باقاعدہ سپیشلائزڈ یونٹ اور علیحدہ کیڈر کے طور پر قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پولیس کی سپیشل برانچ کے حوالے سے ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطا بق اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سپیشل برانچ کے اہلکار انٹیلی جنس، سکیورٹی، ویریفیکیشن، سروے اور سرویلنس کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے 308 اہلکار بھی سپیشل برانچ میں شامل کئے جا چکے ہیں۔سال 2025 کے دوران سپیشل برانچ نے اہم کامیابیاں حاصل کیں، جن میں 2 خودکش جیکٹس، 32 آئی ای ڈیز، 70 راکٹ شیلز اور 288 ہینڈ گرینیڈز کو ناکارہ بنانا شامل ہے۔ علاوہ ازیں، سپیشل برانچ نے 635 سیاسی اجتماعات کی سکیورٹی فراہم کی، اسلحہ و ایکسپلوسِو لائسنسز کی ویریفیکیشن کی، 3124 نادرا ویریفیکیشنز، 6840 پاسپورٹ، 14518 سی پیک، 6060 پرسنل اور 9413 سرکاری اہلکاروں کی ویریفیکیشنز مکمل کیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سپیشل برانچ کو علیحدہ سپیشلائزڈ یونٹ کے طور پر قائم کرنے کی باضابطہ منظوری دی اور 1221 اضافی اہلکاروں کی اسامیوں کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ کو درکار تمام ہیومن ریسورس اور دیگر وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے تاکہ یہ یونٹ انٹیلی جنس اور انسدادِ دہشت گردی کے جدید تقاضوں کے مطابق کام کر سکے۔

وزیر اعلیٰ نے سپیشل برانچ کے انفراسٹرکچر کیلئے 1820 ملین روپے، موٹر وہیکلز کے لئے 904.7 ملین روپے، 98 گاڑیاں اور 404 موٹر سائیکلیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ، ٹیکنیکل آلات اور جدید ٹیکنالوجی کے لئے 2543.9 ملین روپے بھی مختص کیے گئے ہیں۔

سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ سپیشل برانچ کے مجوزہ الاؤنسز کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کیا جائے اور صوبے بھر میں اس کے لیے نئی عمارتوں کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس ایک کلیدی ستون ہے اور سپیشل برانچ کی استعداد بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

یہ اقدام صوبائی حکومت کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور صوبے میں سکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ایک بڑی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top