ضمنی انتخابات کی مسلسل نگرانی، الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال

ضمنی انتخابات کی مسلسل نگرانی، الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال

فوری ایکشن، براہ راست رابطے اور سخت نگرانی ،ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری ضمنی انتخابات کی شفاف اور پرامن نگرانی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مرکزی سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال کر دیا ہے۔ کنٹرول روم کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہارون شنواری کر رہے ہیں، جو تمام حلقوں میں قائم ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کنٹرول رومز سے لمحہ بہ لمحہ رابطے میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مرکزی کنٹرول روم پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبائی کنٹرول رومز کے ساتھ بھی براہِ راست اور مسلسل رابطے میں ہے، تاکہ پولنگ کے دوران کسی بھی شکایت، بے ضابطگی یا ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہارون شنواری کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی عمل کی حقیقی وقت میں مانیٹرنگ کر رہا ہے اور کسی بھی شکایت یا مسئلے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام کو موقع پر ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولنگ میں کسی قسم کی مداخلت، رکاوٹ یا قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم پولنگ کے اختتام کے بعد بھی اپنا کام جاری رکھے گا اور انتخابی نتائج موصول ہونے تک مسلسل فعال رہے گا۔اس دوران ووٹوں کی گنتی، فارم کی وصولی اور کسی بھی بے نظمی کی صورتحال کی نگرانی بھی یہی کنٹرول روم کرے گا۔

ہارون شنواری نے بتایا کہ مرکزی کنٹرول روم جدید مواصلاتی نظام کے ذریعے تمام ضلعوں میں قائم کنٹرول رومز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی مستعد ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقصد یہ ہے کہ ضمنی انتخابات مکمل شفافیت کے ساتھ، بغیر دباؤ اور بغیر کسی مداخلت کے مکمل ہوں۔ملک بھر میں جاری ضمنی انتخابات کی صورتحال پر عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے قائم یہ کنٹرول روم انتخابی عمل کا ایک اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top