صوابی میں سواریوں سے بھری گاڑی المناک حادثے کا شکار

صوابی کے قریب موٹروے پر دریائے ہنڈ کے مقام پر ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں 4 افراد جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے۔

حادثہ ایک تیز رفتار موٹر کار کے بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا جو پشاور سے اسلام آباد کی جانب جا رہی تھی۔

کار میں 9 افراد سوار تھے، جن میں سے دو خواتین اور دو مرد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ تین خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شدید زخمی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 صوابی کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پہنچی، ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں فوری طور پر باچا خان ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں بھی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جہاں قانونی کارروائی اور ضروری شناخت کے بعد تدفین کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس اور ہسپتال کے ذرائع کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی ممکنہ لاپرواہی بتائی جا رہی ہے۔ موٹروے پر ٹریفک کے دیگر راستوں کو عارضی طور پر بند کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مردان میں خوفناک حادثہ، بس اور کار آپس میں ٹکرا گئی

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موٹروے پر رفتار کا خیال رکھیں اور احتیاط سے گاڑی چلائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top