این اے 143 کا مکمل غیر حتمی نتیجہ، ن لیگ کے چودھری محمد طفیل کامیاب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-143 چیچہ وطنی کا مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے۔

چیچہ وطنی کے قومی اسمبلی حلقہ این اے-143 کے تمام 442 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری محمد طفیل کامیاب ہوگئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد طفیل جٹ نے 1,35,780 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کر لی۔

آزاد امیدوار ضرار اکبر نے 13,915 ووٹ لیے اور دوسرے نمبر پر رہے، الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ تقریباً 24 فیصد رہا۔

کامیاب امیدوار کی جیت کا باقاعدہ اعلان حتمی سرکاری نتیجہ جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ضمنی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج میں مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں واضح برتری حاصل ہے۔ ملک بھر کے مختلف حلقوں میں ہونے والی ووٹنگ کے بعد سامنے آنے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن اہم نشستوں پر سبقت لے چکی ہے۔

65 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق، مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان نے 15,842 ووٹ حاصل کرکے برتری حاصل کی ہے، جبکہ آزاد امیدوار شہرناز ایوب 13,830 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح، 60 پولنگ اسٹیشنز سے موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج میں مسلم لیگ ن کے بلال چودھری 13,880 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں، جب کہ آزاد امیدوار ملک نواب شیر 5,890 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔

دوسری جانب، 20 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے سردار محمود قادر لغاری 13,098 ووٹ کے ساتھ سبقت میں ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ 4,752 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔

مجموعی طور پر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے اہم حلقوں میں نمایاں برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ حتمی سرکاری نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے بعد میں کیا جائے گا۔

Scroll to Top