سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا ہے۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سےکامل مشارا 76 اورکوشل مینڈس 40 رنز بناکر نمایاں رہے، داسن شناکا 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائی کورٹ کا ٹک ٹاک سے غیر اخلاقی مواد ہٹانے کا حکم جاری
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد وسیم جونیئر اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان داسن شانکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم جیت کے سلسلے کو برقرار رکھے گی اور پچ بالنگ اور بیٹنگ دونوں کے لیے سازگار معلوم ہوتی ہے۔
قومی ٹیم کے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپنر عثمان طارق اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا جبکہ فاسٹ بولر سلمان مرزا اور ابرار احمد دوبارہ فائنل الیون میں شامل کیے گئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں اور ٹیم میں صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان، عثمان خان، فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں۔
سری لنکا نے اپنی پچھلی فتح حاصل کرنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نسانکا، کوسال مینڈس، کامِل مشارا، کوسال پریرا، جانتھ لیانیگے، داسن شاناکا، پوان رتھنا ایکے، وانندو ہسارنگا، دشمانتھا چمیرا، ماہیش تھیکشنا اور ایشان مالنگا موجود ہیں۔
قومی ٹیم اب تک سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے اور فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر چکی ہے۔ سری لنکا کے لیے فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو شکست دینا ضروری ہے، ورنہ پاکستان سے شکست کی صورت میں بہتر رن ریٹ رکھنے والی ٹیم فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ کرے گی۔





