احسن اقبال کا گلگت میں ایٹمی توانائی کمیشن کے زیر انتظام GINOR ہسپتال کا دورہ،سہولیات کا جائزہ لیا

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے جمعرات کے روز گلگت میں واقع ایٹمی توانائی کینسر ہسپتال (AECH)، GINOR کا سرکاری دورہ کیا۔

دورے کے دوران احسن اقبال نے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولیات، موجودہ خدمات اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیرکےآمد پر ڈائریکٹر جِنور GINOR، ڈاکٹر عاصمہ زمان ملک اور ہسپتال کے انتظامی عملے نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ انہیں ہسپتال میں دستیاب تشخیص، علاج اور مریضوں کی نگہداشت سے متعلق سہولیات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر نے اہم شعبہ جات کا معائنہ کیا، طبی عملے سے ملاقات کی اور گلگت بلتستان کے عوام کو معیاری کینسر علاج کی سہولیات فراہم کرنے میں ہسپتال کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے خصوصاً اس بات کی تعریف کی کہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں خدمات فراہم کرنے کے باوجود ہسپتال نے اعلیٰ معیار برقرار رکھا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے گلگت میں پہلی بار PCR مشین کا افتتاح کیا، جس سے تشخیصی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کے لیے علاج کی معیاری خدمات مزید مضبوط ہوں گی۔

ہسپتال کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نےکینسر نےعلاج تک آسان رسائی کی اہمیت پر زور دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت خطے میں صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (PAEC) اور GINOR کینسر ہسپتال کی نمایاں خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ جدید طبی آلات، خصوصی علاج اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

ایٹمی توانائی کمیشن کایہ ہسپتال تمام گلگت بلتستان سے کینسر کے مریضوں کی بڑی اور مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کو علاج کی سہولیات بہم پہنچا رہا ہے، اس ہسپتال کے آغاز سے ہی مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ نہ صرف کینسر کے علاج کی بڑھتی ہوئی ضرورت کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا بھی عکاس ہے۔

وفاقی وزیر نے ہسپتال کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا، جو صحت کے شعبے کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کی علامت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کے ساتھ گروپ فوٹو بھی لیا۔

دورہ اختتام پذیر ہوا تو وفاقی وزیر نے ہسپتال کے عملے کی محنت اور لگن کو سراہا اور گلگت بلتستان کے عوام کے فائدے کے لیے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے وفاقی حکومت کے عزم کو دہرایا۔

وزٹ بک میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے لکھاکہ میں گلگت میں ایٹمی توانائی کمیشن کےاس ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے نہایت مسرت کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ منصوبہ VISION 2025 کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو ابتدائی تشخیص اور کینسر کے علاج کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے شروع کیا گیا تھا۔

انہوں نے لکھاکہ یہ دیکھ کر دلی اطمینان ہوا کہ یہ مرکز پوری طرح فعال ہے اور اپنے مشن کو اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔ میں اس کے انتظام اور ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور ان کے لیےدعاگو ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : ویزوں پر پابندیوں کا معاملہ،یو اے ای کی وضاحت جاری

Scroll to Top