اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے کوئی خوف نہیں، اور ملاقاتیں قانون کے مطابق ہی ہونی چاہئیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عدالت کے حکم کے تحت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے، لیکن ملاقات کے دوران سیاسی بیانات یا پریس کانفرنس کا دائرہ محدود ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جلاؤ گھیراؤ یا اسلام آباد کی طرف چڑھائی جیسی سرگرمیاں قانون اجازت نہیں دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو قانون کے مطابق تمام اقدامات کرنے میں کوئی خوف نہیں، اور ملاقات کے بعد سیاست کو جیل کے اندر سے باہر نہیں لے جانا چاہیے۔
وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بعض لوگ پچھلے احتجاج کی طرز پر سرگرمی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ حکومت کو بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کرانے میں قانونی اختیار ہے، اور بانی کی صحت کے حوالے سے تحفظات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملاقاتیں صرف جیل رولز کے مطابق ہی ممکن ہیں، خواہشات پر عمل نہیں ہوگا،بیرسٹر عقیل
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقات کرانے کا حکم دیا، اور اس دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے چیف جسٹس سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی مگر انہیں اجازت نہیں ملی۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر پارلیمنٹ کی کارروائی روکنے کی دھمکی دی تھی اور منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔





