صوبے میں ترقیاتی امور کی تیز رفتار نگرانی کیلئے ہر ہفتے کابینہ اجلاس بلانے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں ترقیاتی امور اور محکموں کے کاموں کی بروقت نگرانی کے لیے ہر ہفتے صوبائی کابینہ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق کابینہ اجلاس ہر جمعہ کو طلب کیا جائے گا، تاکہ صوبے کے مختلف محکموں کے امور میں بہتری اور تیزی لائی جا سکے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عابد مجید نے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کو مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں کابینہ اجلاس کے حوالے سے اقدامات کی وضاحت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کا مقصد فوری حل طلب امور کا جائزہ لینا، محکموں کے کاموں کی نگرانی کرنا اور صوبے میں مختلف مسائل پر بروقت پیشرفت کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے علاوہ، چیف سیکرٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام وزراء اور متعلقہ محکموں کو وزیراعلیٰ کے فیصلے سے باخبر کریں۔

وزیراعلیٰ کے اس اقدام سے توقع ہے کہ صوبائی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں اضافہ ہوگا، عوامی سہولیات کی فراہمی بہتر ہوگی اور مختلف شعبوں میں حکومتی کارکردگی کا جائزہ موثر انداز میں لیا جا سکے گا۔

صوبائی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قدم حکومتی امور کی شفافیت اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، جس سے عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

Scroll to Top