غیر جمہوری عمل کے خلاف اے این پی کا واضح موقف، گورنر راج مسائل کا حل نہیں، سینیٹر ایمل ولی خان کی سخت مخالفت
تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ گورنر راج مسائل کا حل نہیں ہے اور اس معاملے میں اے این پی کو دور رکھا جائے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی ہمیشہ گورنر راج کی مخالفت کرے گی
سینیٹر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ جو غلطیاں اور نقصان ہو چکا ہے، اسے اب برداشت کرنا ہو گا اور مینڈیٹ کی چوری کو انہوں نے ’’گند‘‘قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اے این پی کسی بھی غیر جمہوری عمل کا ساتھ نہیں دے گی اور ملک میں جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔
ایمل ولی خان کے مطابق، غیر جمہوری اقدامات سے مسائل کا حل نہیں نکلتا بلکہ ملک میں سیاسی کشیدگی اور عوامی عدم اعتماد بڑھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آئندہ کسی بھی طرح کے غیر جمہوری اقدامات کی مخالفت اے این پی کی مستقل پالیسی رہے گی۔
سینیٹر ایمل ولی خان کا یہ موقف موجودہ سیاسی صورتحال میں اے این پی کی واضح اور سخت پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، جس میں پارٹی کسی بھی غیر جمہوری یا عوامی مینڈیٹ کے خلاف اقدامات کو قبول نہیں کرے گی۔





