سلمان یوسفزئی
خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کا آفیشل فیس بک پیج ہیک ہوگیا جس کے بعد پیج پر نازیبا تصاویر شائع ہونے لگیں۔
ہیکرز نے نہ صرف پیج کا کنٹرول سنبھال لیا بلکہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے شیئر کی گئی تمام معلومات، نوٹیفکیشنز اور اپڈیٹس ہٹا کر ان کی جگہ غیر مناسب اور قابلِ اعتراض مواد اپ لوڈ کر دیا۔
اس واقعے نے عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین میں شدید غصے اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد
صارفین کا کہنا ہے کہ صحت جیسے حساس شعبے سے منسلک سرکاری ادارے کا آفیشل پیج ہیک ہونا انتظامی کمزوری کی نشاندہی کرتا ہے۔
متعدد صارفین نے محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن دونوں سے سوال اٹھاتے ہوئے مؤثر سیکیورٹی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : گورنرہاؤس خیبرپختونخوا میں ٹک ٹاکر لڑکی کے جلوے،ویڈیو وائرل
دوسری جانب ترجمان خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیج ہیک ہونے کے فوراً بعد معاملے کی رپورٹ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو کر دی گئی ہے جو معاملے کی تفتیش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمے کی تکنیکی ٹیم بھی فیس بک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ جلد از جلد پیج کا کنٹرول واپس حاصل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : قدرتی وسائل پر حق مقامی آبادی کا ، تمام فیصلے مقامی مفاد کے تحت کیے جائیں گے،وزیراعلی سہیل آفریدی
ترجمان نے اس واقعے کو ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ذمہ داروں کا سراغ لگا کر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔





