اسلام آباد: پاکستان کی فضاؤں میں ایک منفرد اور یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے پاکستان پہنچنے والے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبینتو کو شاندار انداز میں فضائی سلامی پیش کی۔
پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے چھ جے ایف-17 جنگی طیاروں نے انڈونیشین صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر پروفیشنل فارمیشن میں ایئر اسکارٹ فراہم کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔

اس موقع پر صدر پرابووو سبینتو نے پاک فضائیہ، پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے ملنے والے پرتپاک استقبال پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ ایئر سلامی نہ صرف دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اظہار ہے بلکہ دفاعی تعاون اور باہمی احترام کی ایک مضبوط علامت بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر دی، بیرسٹر گوہر کا اہم بیان
ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں معزز مہمانوں کو فضائی سلامی پیش کرنا خیرسگالی اور روایتی مہمان نوازی کا حصہ ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کے تناظر میں اس تاریخی فضائی استقبال کو ایک اہم سفارتی اشارہ قرار دیا جا رہا ہے، جو دفاع، تجارت اور علاقائی تعاون کے میدان میں مستقبل کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔





