پی ٹی آئی نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر دی، بیرسٹر گوہر کا اہم بیان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا اور پارٹی ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے مفاہمت کو واحد راستہ سمجھتی ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مضبوط فوج ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے، اور پی ٹی آئی ہمیشہ سے ریاستی اداروں کے مثبت کردار کا اعتراف کرتی آئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کچھ عناصر جان بوجھ کر پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ کشیدگی گفت و شنید کے ذریعے دور ہو، ملک کو افراتفری نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نواز شریف کو مائنس نہیں کیا، ہر فیصلہ ان کی مشاورت سے ہوتا ہے، بیرسٹرعقیل

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فریقین کو ایک دوسرے کو خطرہ سمجھنے کے بجائے بیٹھ کر معاملات کو حل کرنا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق کچھ گروہ سیاسی ماحول کو بھڑکانے اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن پارٹی کا جھکاؤ ہمیشہ مفاہمت اور آئینی راستے کی طرف رہا ہے۔

Scroll to Top