سوات کے بالائی سیاحتی مقامات اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے علاقے کا منظر قدرتی حسن سے بھر گیا ہے۔
مٹلتان، مہوڈنڈ، شاہی باغ اور ملم جبہ سمیت دیگر سیاحتی مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، جسے دیکھ کر مقامی لوگ اور سیاح دونوں دنگ رہ گئے ہیں۔
برفباری کے آغاز کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے، تاہم قدرتی مناظر اور دلکش وادیوں نے ماحول کو خوشگوار اور دل لبھانے والا بنا دیا ہے۔
سیاحوں کی بڑی تعداد لائیو سنو فال دیکھنے کے لیے بالائی علاقوں میں موجود ہے اور برف پوش حسین وادیوں سے بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہے۔
سیاحوں نے برفباری کے مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی ہیں، جس سے سوات کی خوبصورتی کو مزید اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ موسم سیاحوں کے لیے نہ صرف خوشی اور تفریح کا باعث ہے بلکہ سوات کے سیاحتی شعبے کے لیے بھی خوش آئند ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ شہر کے مختلف سیکٹرز میں ہلکی ہلکی بارش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس، ایف سیون، جی ایٹ، مارگلہ سائیڈ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہو رہی ہے، جبکہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔





