2025 میں پاکستانی ٹک ٹاک پر کیا دیکھتے اور ڈھونڈتے رہے؟ دلچسپ رپورٹ سامنے آگئی

ٹک ٹاک نے سال 2025 کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے موضوعات سے متعلق فہرست جاری کر دی ہے جس میں سیاحت، کھانے، کرکٹ، تفریحی پروگرامز، موسیقی، سوشل میڈیا کری ایٹرز اور روزمرہ زندگی سے جڑی معلومات نمایاں طور پر شامل ہیں۔

ٹک ٹاک کے مطابق پاکستانی صارفین نے 2025 میں اس پلیٹ فارم کو محض تفریح تک محدود نہیں رکھا بلکہ معلومات حاصل کرنے، سفارشات دیکھنے اور مختلف فیصلوں میں رہنمائی کے لیے بھی بھرپور استعمال کیا۔

صارفین سفر سے قبل سیاحتی مقامات کے ریویوز، خریداری سے پہلے مصنوعات کی جانچ، مہندی کے ڈیزائن، فٹنس اور تعلیمی مواد کے لیے ٹک ٹاک سرچ کا سہارا لیتے رہے۔

جنوبی ایشیا میں ٹک ٹاک کانٹینٹ آپریشنز کے سربراہ عمیس نوید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹک ٹاک سرچ روزمرہ فیصلوں کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔

ان کے مطابق صارفین تازہ کرکٹ لمحات، ویک اینڈ ٹرپس کی منصوبہ بندی، نئی مہارتیں سیکھنے اور خریداری سے پہلے رائے حاصل کرنے کے لیے پلیٹ فارم کو استعمال کر رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں TravelTok# کی تلاش میں 53 فیصد، FoodTok# میں 52 فیصد، StudyTok# میں 60 فیصد جبکہ FitnessTok# میں 66 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو بدلتے ہوئے ڈیجیٹل رجحانات اور عملی استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔

ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے مقامات میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، قلعہ التیت اور دریائے چناب شامل رہے، جبکہ خبروں اور اہم لمحات میں بابر اعظم کی سوویں سینچری، پاکستان اور بھارت و جنوبی افریقہ کے درمیان میچز اور سیلاب جیسے موضوعات نمایاں رہے۔

تفریحی مواد کے حوالے سے ترک ڈرامے، تماشا، میری بہوئیں، میں منٹو نہیں ہوں اور ہم ایوارڈز 2025 سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے ٹی وی شوز میں شامل رہے۔ اسی طرح موسیقی میں جھول، سپریم، پل پل، جے پتا ہوندا اور رانجھیا وے جیسے گانے نمایاں رہے۔

کھانوں میں لاوا برگر، بریانی، آلو، دبئی چاکلیٹ اور ماچا ڈرنک نے خاص توجہ حاصل کی، جبکہ اسپورٹس شخصیات میں بابر اعظم، ویرات کوہلی، ابھیشک شرما، حارث رؤف اور مچل اسٹارک سب سے زیادہ سرچ کیے گئے۔

موسیقاروں میں حاوی، طلحہٰ انجم، نمرہ مہرہ، علی ظفر اور حسن رحیم جبکہ سوشل میڈیا کری ایٹرز میں علینہ عامر، جنت مرزا، خضر عمر، کنول آفتاب اور صد میر ریپر نمایاں رہے۔ شوبز شخصیات میں عمران اشرف، فہد مصطفیٰ، ماہرہ خان اور کنزہ ہاشمی زیادہ تلاش کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق پروڈکٹ ریویوز، سافٹ ویئر اپڈیٹس، مہندی کے ڈیزائن، بلیوں کی مزاحیہ ویڈیوز اور اے آئی کے استعمال سے متعلق مواد بھی 2025 کے نمایاں رجحانات میں شامل رہے۔

ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں تخلیقی کمیونٹی کو فروغ دینے اور صارفین کے لیے مواد کی تلاش کے عمل کو مزید مؤثر اور بامعنی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

Scroll to Top