اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے نئے سال کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، تاہم قوم بے بس نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد، استقامت، تخلیقی صلاحیت اور پختہ یقین کے ذریعے تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم اور پاکستان کے نگہبان ہونے کے ناطے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کی تجدید کرنا ہوگی تاکہ درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تمام پاکستانیوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ نیا سال ملک کے لیے خوشحالی، ترقی اور استحکام کی نوید لے کر آئے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ سال 2025 دفاعِ وطن کے حوالے سے ملکی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملک کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بننے کا ثبوت دیا ہے، اور یہی قومی یکجہتی پاکستان کی مضبوطی اور سلامتی کی ضمانت ہے۔
صدر اور وزیراعظم کے پیغامات میں قومی اتحاد، امید اور عزم پر زور دیا گیا اور اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ نیا سال پاکستان کے لیے مزید کامیابیوں اور استحکام کا باعث بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نئے سال 2026 کی شروعات پر پاک فوج کا غیر متزلزل عزم اور وطن کے لیے قربانی کا پیغام
دوسری جانب نئے سال 2026 کے آغاز پر پاک فوج کے جوانوں نے غیر متزلزل عزم اور قربانی کے جذبے کا اظہار کیا، ساتھ ہی وطن کے لیے بے لوث محبت کا پیغام بھی دیا۔
پاک فوج کے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ شدید سردی اور دشوار گزار جغرافیہ بھی ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔
سرحدوں پر فوج کی موجودگی ہی قوم کے اطمینان اور سلامتی کی ضمانت ہے، اور کسی بھی دشمن کو سرحد پار سے میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ برسوں میں کیے گئے کامیاب آپریشنز اور معرکہ حق کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاک فوج دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
فوجی جوان وطن کی حفاظت کے لیے ہر وقت چوکس رہیں گے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
پاک فوج کے اس پیغام نے نئے سال کے آغاز پر ملک میں قوم کے دفاع کے جذبے کو مزید تقویت دی، اور عوام میں وطن پرستی اور قومی خدمت کے جذبے کو اجاگر کیا۔





