اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا ہے کہ عازمینِ حج 2026 کی لازمی تربیت کا پہلا مرحلہ یکم جنوری سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔
ترجمان کے مطابق تربیتی پروگرامز کا مکمل شیڈول عازمین کو موبائل ایپ پاک حج 2026 اور ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ تفصیلات وزارتِ مذہبی امور کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ 2 جنوری کو ایبٹ آباد، گھوٹکی، ٹھٹھہ اور کوٹلی آزاد کشمیر میں تربیتی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ 3 جنوری کو میرپور آزاد کشمیر، ٹنڈو محمد خان اور خیرپور سندھ میں عازمین کو حج کی تربیت دی جائے گی۔
اسی طرح 5 جنوری کو راولا کوٹ، بدین اور نوشہرو فیروز میں حج تربیتی کیمپس لگائے جائیں گے، جبکہ 6 جنوری کو فتح جنگ، دادو اور تھرپارکر (مٹھی) کے گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے عازمینِ حج کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
7 جنوری کو عمرکوٹ، لاڑکانہ اور ہری پور جبکہ 8 جنوری کو میرپور خاص، شہداد کوٹ اور مانسہرہ میں تربیتی پروگرامز منعقد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں :
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق یہ ایک روزہ حج تربیتی پروگرامز ملک بھر میں مرحلہ وار تحصیل کی سطح پر فروری تک جاری رہیں گے، جن کا مقصد عازمین کو مناسکِ حج، سفری امور اور سعودی عرب میں قیام سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
دریں اثنا وزارتِ مذہبی امور نے نجی حج ٹور آپریٹرز کے لیے شرائط مزید سخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔
ترجمان نے عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ تربیتی پروگرام میں شرکت کے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور حج درخواست کی کمپیوٹرائزڈ رسید اپنے ہمراہ رکھیں اور مقررہ شیڈول کے مطابق لازمی طور پر ایک روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کریں۔





