باجوڑ میں 13ماربل فیکٹریاں سیل ،وجہ سامنے آگئی

محمد عباس

ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے شیخ کلے میں دریا کو آلودہ کرنے کے الزام میں 13 ماربل فیکٹریاں سیل کر دئ گئیں۔

کارروائی آج وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کھلی کچہری کے ایجنڈے کے تحت اور مقامی آبادی کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر خار کی نگرانی میں تحصیلدار خار حبیب الرحمٰن نے متعلقہ ماربل فیکٹریوں کا اچانک معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ فیکٹریاں ماربل کا فضلہ براہِ راست دریا میں ڈال رہی تھیں، جس کے باعث آبی آلودگی میں اضافہ اور انسانی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے تھے۔

انتظامیہ نے خلاف ورزی ثابت ہونے پر موقع پر ہی قانون کے مطابق 13 ماربل فیکٹریوں کو سیل کر دیا۔ اس کے علاوہ فیکٹری مالکان کو اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر خار کے دفتر طلب کر کے ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔

Scroll to Top