معرکہ حق میں بھارت کا منہ کالا کیا گیا اور انہیں سبق سکھایا گیا، ترجمان پاک فوج

معرکہ حق میں بھارت کا منہ کالا کیا گیا اور انہیں سبق سکھایا گیا، ترجمان پاک فوج

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے معرکہ حق اور اکتوبر 2025 میں پاک افغان سرحد پر ہونے والی جھڑپوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ معرکہ حق میں بھارت کا منہ کالا کیا گیا اور انہیں سخت سبق سکھایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے نام نہاد “سندور آپریشن” کے دوران شہریوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، لیکن پاک فوج کی کارروائیوں نے بھارت کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی ملک کو پاکستان کے شہری یا انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کا حق نہیں حاصل۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر میں دہشت گردوں پر پاک افغان بارڈر پر کیے گئے حملے کامیاب رہے، جس میں درجنوں افغان پوسٹس کو گھنٹوں میں صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ افغان طالبان رجیم نے پاکستانی پوسٹس پر حملے کیے، لیکن ضروری اقدامات اٹھائے گئے اور سخت پیغام دیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ افغانستان میں کئی دہشت گرد تنظیموں کے سرغنہ اور تربیتی کیمپ موجود ہیں، جو پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے متعدد سویلین اور سافٹ ٹارگٹس پر حملے کیے، جن میں جعفر ایکسپریس میں 21 سویلینز کی شہادت، نوشکی میں سویلین بس پر حملہ اور اے پی ایس وانا میں دوبارہ حملے کی کوشش شامل ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے زور دیا کہ معرکہ حق اور سرحدی کارروائیاں پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے اور دنیا نے پاکستانی اقدامات کو سراہا ہے۔

Scroll to Top