کینیڈا نے 13 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری داخلے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: کینیڈا نے 13 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

اس فیصلے کے تحت کیریبین اور لاطینی امریکی ممالک کے شہری اب مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں بغیر ویزا کینیڈا کا سفر کر سکیں گے۔

اس اقدام کے ساتھ ہی کینیڈا نے اپنے الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (eTA) پروگرام کو بھی مزید ممالک تک بڑھا دیا ہے تاکہ قلیل مدتی دوروں کے لیے داخلے کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔

نئے ویزا فری ممالک کی فہرست میں شامل ہیں:
اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، ارجنٹینا، کوسٹا ریکا، مراکش، پاناما، فلپائن، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سینٹ لوسیا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈینز، سیشلز، تھائی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، اور یوراگوئے۔

کینیڈا کی حکومت کے مطابق یہ اقدام کیریبین ممالک کے ساتھ تعلقات میں ایک مثبت پیش رفت ہے، کیونکہ ان میں سے پانچ ممالک پہلی بار اس فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ویزا فری داخلے کی یہ سہولت صرف ان مسافروں کے لیے ہوگی جو ہوائی سفر کے ذریعے کینیڈا آئیں، اور جنہوں نے گزشتہ 10 برسوں میں کبھی کینیڈین ویزا حاصل کیا ہو یا اس وقت ان کے پاس امریکا کا درست نان امیگرنٹ ویزا موجود ہو۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کا گیس کی قیمتوں سے متعلق بڑا اعلان

اہل مسافر بغیر ویزا کے کینیڈا میں زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک قیام کر سکیں گے۔ eTA دراصل ایک ڈیجیٹل اجازت نامہ ہے جو ویزا فری ممالک کے شہریوں کے لیے لازمی ہے اور یہ سفر کے دوران کینیڈا کے داخلے کی اجازت دیتا ہے۔

کینیڈین حکام نے کہا کہ اس پالیسی کا مقصد سیاحت میں اضافہ، بین الاقوامی تعلقات کو فروغ دینا، اور کینیڈا کو عالمی مسافروں کے لیے مزید پرکشش بنانا ہے۔

Scroll to Top