ٹی 20 ورلڈ کپ !آئی سی سی نے بنگلا دیش کی بھارت سے میچز منتقلی کی درخواست ٹھکرا دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے سے متعلق بنگلا دیش کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے بنگلا دیش کو شیڈول کے مطابق بھارت میں ہی میچز کھیلنے کی ہدایت کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے ان کے میچز بھارت کے بجائے کسی غیر جانبدار وینیو پر منتقل کیے جائیں، تاہم آئی سی سی نے اس درخواست کو مسترد کر دیا۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی نے بنگلا دیش کو آگاہ کر دیا ہے کہ اگر ٹیم بھارت جا کر میچز نہیں کھیلتی تو اسے پوائنٹس سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ایسا کوئی باضابطہ الٹی میٹم نہیں دیا گیا۔ بی سی بی کے حکام کا کہنا ہے کہ معاملہ ابھی زیرِ غور ہے اور کسی حتمی فیصلے سے قبل تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بنگلا دیش اور بھارت کے کرکٹ تعلقات میں کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایک روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ موجودہ حالات میں بنگلا دیش کی ٹیم کسی صورت ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی۔

کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو مبینہ طور پر بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا۔ اس واقعے کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلایا اور سکیورٹی خدشات کے باعث اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا۔

کرکٹ حلقوں کے مطابق اگر یہ تنازع شدت اختیار کرتا ہے تو اس کے ٹی 20 ورلڈ کپ پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اب آئی سی سی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے آئندہ فیصلوں پر مرکوز ہیں۔

Scroll to Top