اسلام آباد: سینئر تجزیہ کاروں منصور علی خان اور منیب فاروق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے الزامات پر ثبوت کا تقاضا کرنا غیر منطقی اور مضحکہ خیز ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ یہ انتہائی بے معنی ہے کہ کوئی ذمہ دار شخص یہ مطالبہ کرے کہ افغانستان میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کا ثبوت پاکستان کو فراہم کیا جائے۔
تاریخی طور پر دہشت گردی کا خطرہ واضح اور دستاویزی طور پر موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 میں اے پی ایس حملے کے بعد دہشت گرد افغانستان سے آئے، جن کی شناخت کرکے مقدمات چلائے گئے اور سزا دی گئی۔
اسی طرح بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث کئی حملہ آور بھی افغانستان سے آئے تھے۔
منیب فاروق نے زور دیا کہ فوج، رینجرز اور فرنٹیئر کور (FC) کسی تفریح یا مشغلے کے لیے آپریشن نہیں کرتے بلکہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکیا آپ بتا سکتے ہیں کہ فوج، رینجرز یا فرنٹیئر کور کے جوان یہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے یا سپاہی شہید ہوں؟ جواب بالکل نہیں ہے۔ یہ ان کے لیے کوئی مشغلہ یا تفریح نہیں بلکہ فرض کی ادائیگی ہے۔
دوسری جانب تجزیہ کار منصور علی خان نے کہا کہ اداروں کے ساتھ اختلافات رکھنا جائز ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ دہشت گردی، قومی سلامتی یا ریاستی اداروں کے بنیادی کاموں کو غیر اہم تصور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مسئلہ بنیادی طور پر اداروں کے وجود اور کردار سے ہے، اور بعض اوقات پارٹی کی کارروائیاں جیسے 9 مئی کی توڑ پھوڑ اور معرکہ حق کے دوران کی گئی سرگرمیاں بھی ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہم فی الحال کسی سے رابطے میں نہیں، ہوا تو چھپائیں گے نہیں، بیرسٹر گوہر
منصور علی خان نے مزید کہاپاکستان کی بڑی کامیابیوں میں معرکہ حق شامل ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ بعض افراد، جو پی ٹی آئی سے وابستہ ہیں، نے شرمناک کردار ادا کیا۔
پی ٹی آئی کو ہر چیز سے مسئلہ پیدا ہوتا ہے، چاہے وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا قومی اداروں کی کارروائی۔
تجزیہ کاروں کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ریاستی اداروں کے خلاف جاری پروپیگنڈا ملک کے مفاد میں نہیں اور اس سے عوام میں غلط فہمی پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی سیاسی اختلافات کو توجہ دینے کے بجائے بے بنیاد الزامات ملکی استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔





