معرکہ حق ہماری افواج کی شجاعت اور حق کا حقیقی معرکہ تھا، تاریخ انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی، خواجہ آصف

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع نے سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز آج عزت و وقار کے بلند مقام پر ہے، یہ سب شہداء کی قربانیوں اور اللہ کے فضل کا نتیجہ ہے۔

خواجہ آصف نے خطاب میں کہا کہ وہ عوام اور حکومت کے درمیان حائل نہیں ہونا چاہتے، لیکن قوم کو یہ بتانا ضروری ہے کہ گزشتہ سال ایک بڑی جنگ جیتی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے مقابلے میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں امن قائم ہے اور قوم محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

وفاقی وزیر دفاع  خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج جہاد کر رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت اس جنگ میں عملی کردار ادا نہیں کر رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے حکومت محض تماشائی بنی ہوئی ہے، جبکہ پاک فوج نے دشمن سے پانچ گنا زیادہ طاقتور قوت کو شکست دی۔

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ دشمن کو ایسی شکست دی گئی کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے 62 مرتبہ اس کا ذکر کیا کہ چھ سے آٹھ بھارتی طیارے مار گرائے گئے، اور یہ معرکۂ حق پاک فوج کی فتح تھی، جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں شدید برفباری و بارش، تین دن میں 61 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے

وزیر دفاع خواجہ آصف نے حکومت کی دیگر کامیابیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ ماہ قبل پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 140 ویں نمبر پر تھا، جو اب 98 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت حکومت کی کامیابی ہے اور ان میں پاک فوج کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ فخر ہے۔

Scroll to Top