پشاور میں سردی کی شدت، کون سی بیماریاں پھیلنے لگیں؟ رپورٹ سامنے آگئی

پشاور: خیبرپختونخوا میں سردی کی شدت میں اضافے کے سبب پشاور سمیت صوبے کے مختلف اسپتالوں میں سانس اور سینے کی بیماریوں میں مبتلا بچوں اور بڑوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث وارڈز بھر گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کی انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس اینڈ رسپانس رپورٹ کے مطابق ماہ جنوری کے پہلے ہفتے میں صوبے کے اسپتالوں میں 8,642 کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ کیسز 12 جنوری سے 18 جنوری کے دوران رجسٹر کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ کیسز چارسدہ میں رپورٹ ہوئے جہاں 2,573 افراد مختلف سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔

دوسرے نمبر پر ہری پور میں 2,554 کیسز رپورٹ ہوئے، صوابی میں 780، بٹگرام 583، پشاور 535، مردان 324، سوات 287، ایبٹ آباد 235 اور مہمند میں 299 کیسز سامنے آئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ماہ جنوری کے پہلے ہفتے میں بھی تقریبا 8,462 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اور اسی طرح انفلوئنزا کے کیسز بھی تین ہفتوں کے دوران بڑی تعداد میں رجسٹر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلی سہیل آفریدی نے جلسے میں بڑا اعلان کردیا

ایپی ڈیمالوجیکل رپورٹ کے مطابق پچھلے دو ہفتوں میں تقریباً 12,000 انفلوئنزا کے کیسز رپورٹ ہوئے، جس میں 6,054 اور 6,190 کیسز شامل ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ سردی کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ماسک پہنیں، ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھیں اور اگر علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر اسپتال یا قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں۔

Scroll to Top