اورکزئی اور کرم شدید برفباری کی زد میں،پاک فوج کی امدادی کارروائیاں شروع

اورکزئی اور کرم شدید برفباری کی زد میں،پاک فوج کی امدادی کارروائیاں شروع

ضلع اورکزئی اور کرم میں شدید بارشوں اور برفباری نے زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، تاہم پاک فوج نے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر کے صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں

ذرائع کے مطابق ضلع اورکزئی میں شدید برفباری کے باعث مختلف علاقوں کے تمام راستے بند ہو گئے تھے، جس سے نہ صرف نقل و حمل متاثر ہوئی بلکہ وفات پانے والے افراد کی تدفین بھی ناممکن ہو گئی تھی۔ پاک فوج نے بھاری مشینری اور افرادی قوت کی مدد سے اہم شاہراہوں اور دور افتادہ علاقوں کے راستے کھولے، جس سے مقامی شہریوں کو بروقت مدد اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

خاص طور پر کالایہ دربار گاؤں تک جانے والے تمام راستے برف کی موٹی تہہ سے بند ہو چکے تھے، لیکن پاک فوج نے کامیاب آپریشن کے بعد مقامی شہری کی نماز جنازہ اور تدفین کو بروقت اور باوقار انداز میں ممکن بنایا۔

اسی دوران ضلع کرم میں بھی شدید برفباری سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ بھاری مشینری کی مدد سے 8 کلومیٹر طاؤڈو اوبو روڈ کو کھولا گیا، جبکہ مناتو سدا روڈ شدید برفباری کے باعث مکمل طور پر بند ہو گئی تھی۔ راستوں کی بندش کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئی تھیں، لیکن فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔

پاک فوج کے حکام نے کہا ہے کہ موسمی حالات انتہائی ناسازگار ہیں، لیکن متاثرہ عوام کی حفاظت اور امداد فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں مزید امدادی ٹیمیں روانہ کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top