پشاور، محکمہ ایکسائز نے 2 ماہ میں کتنے ارب روپے کا ریونیو جمع کر لیا؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے دو ماہ میں ایک ارب روپے ریونیو جمع کر لیا، سالانہ ہدف 7 ارب 40 کروڑ روپے مقرر کردیاگیا۔

محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن خیبر پختونخوا نے مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ایک ارب روپے سے زائد ریونیو جمع کر لیا ہے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 12.52 فیصد زیادہ ہے۔ محکمہ کی جانب سے پورے مالی سال کے لیے 7 ارب 40 کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق صوبے کے وسائل میں اضافہ اور ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں چار لاکھ سے زائد اربن پراپرٹیز کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جبکہ رہائشی اور کمرشل علاقوں کا جامع سروے بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

عوامی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ ایکسائز نے قانونی اور ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے لیے آن لائن سافٹ ویئر اور موبائل ایپ کو فعال کر دیا گیا ہے، جس سے شہری گھر بیٹھے ٹیکس ادائیگی کر سکتے ہیں۔

محکمہ کے حکام کے مطابق پروفیشنل ٹیکس کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ای-کھلی کچہری کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری براہِ راست اپنی شکایات اور مسائل متعلقہ حکام تک پہنچا سکتے ہیں۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق ان اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور توقع ہے کہ مقررہ سالانہ ریونیو ہدف بآسانی حاصل کر لیا جائے گا۔

Scroll to Top