صحافی ریما عمر نے وادی تیراہ کے حوالے سے شاندانہ گلزار اور پی ٹی آئی کے جعلی بیانیے، اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور غیر مصدقہ الزامات کو بے نقاب کر دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام “رپورٹ کارڈ” میں گفتگو کرتے ہوئے ریما عمر نے کہا کہ اس وقت جو ڈس انفارمیشن کیمپین چل رہی ہے، اس میں شاندانہ گلزار صاحبہ کی ٹویٹ شامل ہے، جس میں انہوں نے لکھا کہ غیرمصدقہ غیرسرکاری زرائع کے مطابق یہ سب کچھ امریکہ کے لیے ایئر بیس بنانے اور منرلز کی ایکسپلائیٹیشن کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بحران کے بیچ میں، بغیر کسی مصدقہ ذرائع کے اس نوعیت کے الزامات لگانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
ریما عمر کے مطابق شاندانہ گلزار صاحبہ ایک اہم سیاسی جماعت کی نمایاں رکن ہیں، اور ایسے نازک وقت میں اس قسم کی باتیں کرنا معاملے کو مزید بگاڑنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود سوشل میڈیا پر دیکھا کہ اس پوری مہم میں اے آئی سے بنائی گئی تصاویر استعمال ہو رہی ہیں، جبکہ دوسرے ممالک کی پرانی تصاویر اور ویڈیوز کو اس واقعے سے جوڑ کر شیئر کیا جا رہا ہے، جو انتہائی غلط اور گمراہ کن عمل ہے۔
ریما عمر نے کہا کہ جو ڈس انفارمیشن کیمپین چلائی جا رہی ہے، وہ تیراہ کے اصل متاثرہ لوگوں کے لیے مزید نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جن کے حقیقی اور جائز مسائل ہیں۔ ان کے مطابق اس پورے معاملے کو بلاوجہ سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، جس سے مسئلہ حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو رہا ہے۔
ریما عمر نے کہا کہ وہ سب سے پہلے اس گمراہ کن مہم کی واضح مذمت کرتی ہیں، کیونکہ جب انہوں نے اس معاملے کو فالو کیا تو انہیں زیادہ تر مواد غلط معلومات اور پروپیگنڈے پر مبنی ہی ملا، نہ کہ حقائق پر۔





