اندرونی اختلافات یا نئی حکمت عملی؟عمر ایوب اور شبلی فراز سیاسی کمیٹی سے مستعفی

اندرونی اختلافات یا نئی حکمت عملی؟عمر ایوب اور شبلی فراز سیاسی کمیٹی سے مستعفی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی میں اہم تبدیلی سامنے آ گئی ہے، جہاں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے اپنی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی علیحدگی کو پارٹی کے اندر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمر ایوب نے پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت سے باقاعدہ معذرت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ موجودہ قانونی اور سیاسی مصروفیات کے باعث وہ کمیٹی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کمیٹی ایک اہم فیصلہ ساز فورم ہے جس میں بھرپور وقت اور توجہ درکار ہوتی ہے۔

عمر ایوب نے یہ بھی واضح کیا کہ پولیٹیکل کمیٹی کی رکنیت صرف پارٹی کے موجودہ عہدیداران تک محدود ہونی چاہیے تاکہ فیصلوں میں ہم آہنگی اور ذمہ داری کا عنصر برقرار رہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو مشورہ دیا کہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو پولیٹیکل کمیٹی میں شامل کیا جائے تاکہ اپوزیشن کی حکمت عملی مزید مؤثر بنائی جا سکے۔

دوسری جانب شبلی فراز کے استعفے کے حوالے سے پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھی سیاسی کمیٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، تاہم وہ پارٹی میں اپنی دیگر ذمہ داریاں بدستور انجام دیتے رہیں گے۔

پی ٹی آئی کے اندرونی حلقوں کے مطابق ان استعفوں کو پارٹی کی تنظیم نو اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے تاحال اس معاملے پر باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت آئندہ دنوں میں پارٹی کی سمت اور فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top