پشاور: پشتہ خرہ میں پولیس مقابلے کے دوران دو خطرناک راہزن زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ہیں، جن کے خلاف متعدد اضلاع میں سنگین مقدمات درج تھے۔
تھانہ پشتہ خرہ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان رشید اور یاسین عرف کم کم کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔
دونوں ملزمان راہزنی، پولیس پر حملہ، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایبٹ آباد، مانسہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، نوشہرہ اور پشاور سمیت مختلف اضلاع میں مقدمات درج تھے۔
رشید تقریباً ایک درجن مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ یاسین عرف کم کم کے خلاف ڈکیتی اور منشیات فروشی سمیت 5 مقدمات درج تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ان سے مزید اہم انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے، جس سے دیگر راہزنوں اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ کارروائی تھانہ پشتہ خرہ پولیس کی موثر حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مردان پولیس کی بہادری نے علاقے کو بڑے خطرے سے بچا لیا
یاد رہے کہ گزشتہ دن تھانہ رستم اور تھانہ پارہوتی پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین انتہائی خطرناک اجرتی قاتل ہلاک کر دیے جبکہ تین دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
کارروائیوں کے دوران متعدد اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق، تھانہ رستم پولیس کی ٹیم دورانِ گشت جالکی پل، کمرگئی لار کے علاقے میں موجود تھی کہ مطلوب اشتہاری اور اجرتی قاتلوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
پولیس نے فوری طور پر ناکہ بندی اور چھاپہ مار کارروائی کی۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے دوران پولیس گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے اور حقِ دفاع میں مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔
پولیس مقابلے کے دوران دو انتہائی خطرناک اجرتی قاتل ابرار ولد خان غفور اور محمد یعقوب ولد نورگل (سکنہ یعقوبی یار حسین، ضلع صوابی) اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ملزمان متعدد سنگین جرائم، بشمول کانسٹیبل اعظم داد اور اس کے بھائی کے قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ دورانِ کارروائی ان کے دو ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ کارروائی کے دوران دو کلاشنکوف بھی برآمد کی گئیں۔





