محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، ایبٹ آباد، کوہستان اور تورغر کے اضلاع میں بارش متوقع ہے جبکہ بٹگرام، مانسہرہ اور کرم کے اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے کے میدانی اضلاع میں چند مقامات پر دھند چھا سکتی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا دیگر علاقوں میں کالام میں منفی 8، پاراچنار منفی 6، مالم جبہ منفی 4، دیر منفی 3 اور دورش میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مزید بارشیں یا شدید سردی؟ اگلے 24 گھنٹوں میں موسم کیا رنگ دکھائے گا، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
اسی طرح چترال، میرکنی اور چڑات میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ، تیمرگرہ اور کاکول میں ایک، سیدو شریف میں 2، بالاکوٹ میں 3، بنوں میں 4 جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بالائی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔





