محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو رہا ہےجس کے باعث صوبے میں موسم ابرآلود اور بعض علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اضلاع جیسے ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، چترال (اپر و لوئر)، دیر (اپر و لوئر)، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان (اپر و لوئر) اور کولائی پالس میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں کچھ مقامات پر برفباری کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئے گی، جبکہ ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کے خطرات رہیں گے۔





