وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا کر انہیں جیلوں میں ڈالا جائے گا تو ایسا کرنے والوں کو بھی قانون کے مطابق جیل جانا پڑے گا۔
سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ نفرت کے بجائے ترقی اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے۔
انہوں نے کہا گزشتہ چند برسوں میں پاکستان میں نفرت کی سیاست کو فروغ دیا گیا جبکہ چار سالہ دورِ حکومت میں مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے کے سوا کوئی قابلِ ذکر کارکردگی نظر نہیں آئی، 2018 میں سیاسی انتقام کے تحت جھوٹے مقدمات کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع کیا گیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی ترقی، معیشت کی بہتری اور عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی، جبکہ سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کی روایت کو مسترد کیا۔
رانا ثنااللہ نے مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے پاکستان کو مشکل حالات سے نکالا اور دنیا بھر میں ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیرسٹر گوہر کی عطا تارڑ کے بیان کی شدید مذمت، معافی کا مطالبہ
انہوں نے علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کر دیا، جو کہ افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر چکا ہے اور عالمی برادری کو حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔





