رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کو پشاور میں منعقد ہوگا، جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی 21 اراکین کے ہمراہ پشاور کا دورہ کریں گے اور اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

سکیورٹی پلان کے تحت پولیس ڈیپارٹمنٹ فول پروف انتظامات کرے گا، جبکہ بی ڈی ایس کلیئرنس، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور ڈرون کے ذریعے نگرانی بھی کی جائے گی۔ حتمی سکیورٹی پلان 16 فروری تک مرتب کر لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 تقریب کے دوران دو ایمبولینسیں، دو فائر وہیکلز اور متعلقہ عملہ تعینات کرے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: آخرکار رمضان کی تاریخ طے، باضابطہ اعلان جاری

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان 1447 ہجری کا چاند 17 فروری 2026 کو تقریباً شام 5 بجے پیدا ہوگا، جبکہ 18 فروری کی شام چاند نظر آنے کے موزوں امکانات موجود ہیں۔ حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

Scroll to Top