بنوں میں امن و امان پر اہم اجلاس، بڑے فیصلے سامنے آگئے

سلمان علی خان

بنوں : بنوں میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور آئندہ منعقد ہونے والے جلسے کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام اور مقامی مشران نے شرکت کی۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ اہم نشست ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم اور ضلع کے معزز مشران حاجی باز محمد خان، پروفیسر ابراہیم اور ڈاکٹر صاحب زمان کے درمیان منعقد ہوئی۔

اجلاس میں ضلع بنوں کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان کی موجودہ کیفیت اور خاص طور پر صبح کے وقت منعقد ہونے والے مجوزہ جلسے کے فول پروف سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

حکام کے مطابق اس موقع پر مختلف تجاویز اور خدشات پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ مشران کی جانب سے پیش کی گئی شرائط اور سفارشات کو بھی سنا گیا۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں ٹک ٹاک نے پانچویں جماعت کے طالب علم کی جان لے لی

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جلسے کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب مشرانِ بنوں نے قیامِ امن، باہمی ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں پائیدار امن کا قیام اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ اور بنوں پولیس نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top