محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مغربی ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کی آمد کی پیشگوئی کی ہے جس کے باعث 16 اور 17 فروری کو بارش اور گرج چمک کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع بشمول وزیرستان، بنوں، ڈی آئی خان اور کرم میں 16 فروری کی رات اور 17 فروری کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے ۔
رپورٹ کے مطابق ڈی آئی خان اور اس کے گردونواح میں اس دوران ژالہ باری کا بھی قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
موسمیات کا کہنا ہےکہ اسی موسمی لہر کے باعث بلوچستان کے بیشتر اضلاع بشمول کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، قلات، گوادر اور لسبیلہ میں 16 فروری کی شام سے 17 فروری تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ شمالی بلوچستان میں ژالہ باری کی بھی توقع ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : ایزی پیسہ صارفین کیلئے بڑی خبر
سندھ کے حوالے سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ 17 فروری کو کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو، سکھر اور لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں ۔
پنجاب کے جنوبی علاقوں ڈی جی خان، ملتان، بھکر، لیہ اور بہاولپور میں 17 فروری کو گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ڈی جی خان میں ژالہ باری کا بھی خدشہ موجود ہے ۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متوقع موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کے لیے بروقت حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں ۔





