پی ٹی آئی کا احتجاج،اٹک پل سمیت خیبر پختونخوا کے تمام اہم راستے بند

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور صوبائی قیادت نے اٹک پل خیرآباد نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اہم داخلی و خارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک معطل کر دی ہے۔

یہ احتجاج بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ان کے ذاتی معالج تک رسائی دینے اور الشفاء اسپتال میں ان کی نگرانی میں مکمل طبی معائنہ کرانے کے مطالبے کے حق میں کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عرفان سلیم، جنرل سیکریٹری خورشید عالم اور عائشہ بانو کی قیادت میں کارکنوں نے اٹک پل ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا۔

رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک عمران خان کو ان کے معالج سے مکمل رسائی فراہم نہیں کی جاتی احتجاج جاری رہے گا۔

اطلاعات کے مطابق انصاف یوتھ ونگ، انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن اور دیگر تنظیمی عہدیدار بھی اس احتجاج میں شریک ہیں، جبکہ صوبائی مرکزی قیادت اسلام آباد میں تین مختلف مقامات پر دھرنا دیے ہوئے ہے۔

صوبے کے مختلف علاقوں میں بھی مرکزی شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔ صوابی کا انبار انٹرچینج، ڈی آئی خان سے بھکر جانے والی سڑک، لکی مروت میانوالی روٹ، ہزارہ موٹروے پر ایبٹ آباد حویلیاں انٹرچینج، کوہاٹ پنڈی روڈ خوشحال کے مقام پر بند ہے۔

اسی طرح اسلام آباد میں میانوالی پیک روڈ، یارک ٹول پلازہ اور سی پیک انٹرچینج پر بھی ٹریفک معطل ہے جبکہ اپر کوہستان میں شاہراہ قراقرم گلگت کی جانب مکمل طور پر بند بتائی جا رہی ہے۔

خیبر پختونخوا سے پنجاب اور دیگر صوبوں کو جانے والے اہم راستے بھی اس وقت بند ہیں۔

پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج پرامن ہے اور اس کا مقصد عمران خان کے علاج سے متعلق مطالبات کی فوری منظوری حاصل کرنا ہے۔

Scroll to Top