اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تاہم اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف اس معاملے پر مطمئن دکھائی نہیں دیتی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عمران خان کو دستیاب تمام ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی اس معاملے کو سیاسی رنگ دے کر ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہونے والی ملاقات کے بعد جو بیانات سامنے آئے ہیں، یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا جیل قوانین اس نوعیت کے پیغامات باہر لے جانے کی اجازت دیتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو متعلقہ حکام کو اس کا جائزہ لینا چاہیے۔
خیبرپختونخوا میں جاری احتجاج اور سڑکوں کی بندش پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ صوبے کے عوام راستوں کی بندش پر غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق آئین کسی بھی صوبائی حکومت کو یہ اختیار نہیں دیتا کہ وہ عوام کی نقل و حرکت محدود کرے یا شاہراہیں بند کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صوبے کے انسپکٹر جنرل پولیس اور چیف سیکرٹری عدالتِ عالیہ کے احکامات پر عملدرآمد کے پابند ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اگلے 48 گھنٹے کیوں اہم ہیں؟ شیرافضل مروت نے بتا دیا
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حالیہ سرگرمیوں کا عمران خان کے علاج سے براہ راست کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ خالصتاً سیاسی حکمت عملی ہے۔
ان کے بقول پارٹی کی توجہ عوامی مسائل کے بجائے سیاسی دباؤ بڑھانے اور عدم استحکام پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کو جمہوری اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیے اور کسی بھی صورت ملک میں انتشار کی فضا پیدا کرنا مناسب نہیں۔





