رمضان کے دوران بجلی اور گیس کی فراہمی کے لیے حکومت کا بڑا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت کے لیے سحر و افطار کے اوقات میں بجلی اور گیس بلا تعطل فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اویس لغاری نے بتایا کہ سحر اور افطار کے اوقات میں کسی بھی علاقے بشمول ہائی لاس فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے رمضان کے دوران صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور یقین دہانی کرائی کہ یوٹیلیٹی سروسز خصوصاً بجلی کی فراہمی بروقت اور بلا تعطل ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی بڑے فنی خرابی کی وجہ سے کوئی مسئلہ پیش آیا تو بھی ہائی لاس فیڈرز پر اکنامک لوڈشیڈنگ ان اوقات میں معطل رہے گی۔

اس مقصد کے لیے پی آئی ٹی سی میں ایکسپریشن کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں تمام فیڈرز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ شہری اپنے مسائل اور شکایات کے اندراج کے لیے 118 ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں، جنہیں فوری حل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم واشنگٹن روانہ، بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گیس فراہمی کے حوالے سے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صبح 3 بجے سے رات ساڑھے 10 بجے تک گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ سحری اور افطار کے اوقات میں گیس پریشر برقرار رکھنے کے لیے مکمل اقدامات کیے گئے ہیں۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ گزشتہ سردیوں کے مقابلے میں اس سال گیس سپلائی بہتر رہی اور اضافی گیس کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ہیڈ آفسز میں سچویشن رومز قائم کر دیے گئے ہیں اور ریجنل دفاتر کو نیٹ ورک مانیٹرنگ بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم کے بعد بجلی مہنگی ہونے کا امکان

شہری گیس سے متعلق شکایات کے لیے 1199 ہیلپ لائن فعال ہے، جبکہ ایم ڈیز خود شکایات کے ازالے کی نگرانی کریں گے۔ روبو کال سسٹم کے ذریعے حل کی تصدیق بھی کی جائے گی اور مسئلہ حل نہ ہونے پر صارفین غیر مطمئن کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزرا نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو پائیدار اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی قابو میں ہے، ایندھن دستیاب ہے اور عوامی سہولت کو ہر حال میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top