ہنگو کے لیے خوشخبری، ڈی ایچ کیو اسپتال میں 30 میڈیکل آفیسرز تعینات

سید فخر کاکاخیل
ہنگو: ضلع ہنگو کے عوام کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں شہید فرید خان ڈی ایچ کیو ہسپتال کے لیے 30 میڈیکل آفیسرز (ڈاکٹرز) کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ہنگو کے لیے میڈیکل آفیسرز کی تعیناتی کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق تعینات کیے گئے ڈاکٹرز آئندہ چند روز میں ہنگو پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

ذرائع کے مطابق ان میڈیکل آفیسرز کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں تعینات کیا جائے گا، جس سے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی اور عملے کی کمی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسی ہسپتال کے لیے 6 ڈینٹل ڈاکٹرز تعینات کیے گئے تھے، جو اس وقت باقاعدگی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے ڈاکٹرز کی آمد سے ہسپتال کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی اور علاج معالجے کی سہولیات مزید مؤثر ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں : کھیل ہی جرائم کا توڑ ہیں، کرکٹ فائنل میں ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند کا بڑا اعلان

جبکہ دوسری جانب ہنگو میں کرکٹ لیگ گلشن موٹر کار سیزن 02 کے فائنل میچ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو خان زیب مہمند نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جس سے ایونٹ کی رونق میں مزید اضافہ ہو گیا۔

فائنل مقابلے میں سیاسی و سماجی شخصیات، علاقائی مشران اور عوامی نمائندگان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ہنگو خانزیب خان مہمندنے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور کھیل کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہنگو پولیس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

خان زیب مہمند کا کہنا تھا کہ ایسے اسپورٹس ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کو تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کو منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنے میں مدد ملتی ہے، جس سے جرائم میں کمی اور امن و امان کے قیام میں معاونت حاصل ہوتی ہے۔

Scroll to Top