پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں سرکاری ملازمین کے لیے نئے تعمیر شدہ رہائشی فلیٹس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں منصوبے کی تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، جس میں فلیٹس کے ڈیزائن، سہولیات اور استعمال کے بارے میں مکمل وضاحت کی گئی۔
حکام کے مطابق پشاور کے سول کوارٹرز میں ایک ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل 96 جدید رہائشی فلیٹس تعمیر کیے گئے ہیں۔
یہ منصوبہ 6.91 کنال رقبے پر محیط ہے اور اس میں بیسمنٹ کے ساتھ چار منزلہ عمارت شامل ہے، جس کے ہر فلور پر 24 فلیٹس قائم کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رہائشی فلیٹس میں بجلی، پانی، گیس، سیکیورٹی، پارکنگ سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ سرکاری ملازمین کو بہتر اور معیاری رہائشی ماحول میسر آ سکے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومت کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نوجوان زعفران وزیر کی بازیابی، شمالی وزیرستان میں خوشیوں کا سماں
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئندہ بھی رہائشی منصوبوں میں توسیع اور ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی تاکہ ملازمین کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ صوبائی حکومت ہاؤسنگ کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور ملازمین کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے جدید رہائشی منصوبوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔





