ورلڈ کپ ٹی 20کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے اہم میچ پر بارش کے بادل منڈلانے لگے۔ دونوں ٹیمیں آج بروز ہفتہ کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔
شائقین کرکٹ اس مقابلے کو سپر 8 مرحلے کا ایک سنسنی خیز اور فیصلہ کن میچ قرار دے رہے ہیں، تاہم سری لنکا میں جاری دیگر میچز کی طرح اس اہم ٹاکرے پر بھی موسم اثرانداز ہو سکتا ہے۔
موسمی پیشگوئی کے ادارے کے مطابق کولمبو میں میچ کے روز بارش کا 74 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ تیز ہواؤں کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جو کھیل کے تسلسل کو متاثر کر سکتی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق سپر 8 مرحلے کے میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے مختص نہیں کیا گیا۔ ایسی صورت میں اگر بارش کے باعث دونوں ٹیمیں کم از کم فی اننگز پانچ اوورز بھی نہ کھیل سکیں تو میچ منسوخ قرار دیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا کرکٹ شائقین کو مکمل مقابلہ دیکھنے کا موقع ملتا ہے یا بارش اس بڑے معرکے کا مزہ کرکرا کر دیتی ہے۔





