سرہ درگہ میں سکیورٹی فورسز پر حملہ، خودکش خوارجی دھماکے میں ہلاک، 5 خوارج مارے گئے

بنوں میں بھارتی پراکسی خوارج کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملہ کیا جس سے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہو گئے، آپریشن میں 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بنوں ضلع میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے اس وقت نشانہ بنایا جب خوارج کی موجودگی، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جا رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے اگلے دستے نے گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو بروقت روک لیا اور اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔مایوسی کے عالم میں خوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اگلے دستے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرانے سے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے، مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر تھے اور اپنی جرات مندانہ کارروائیوں کے لیے معروف تھے۔

واضح رہے کہ خوارج رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب اس حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل گل فراز کا آخری واٹس ایپ اسٹیٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔

شہید نے شہادت سے قبل صبح سحری کے وقت اپنے اسٹیٹس پر قرآنی آیت ’’ہم اللہ کے ہیں اور بے شک ہم اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں‘‘ لگائی تھی۔

فرض شناس افسر کا یہ آخری پیغام ان کے جذبہِ شہادت اور اللہ پر کامل بھروسے کی عکاسی کر رہا ہے، جس نے صارفین کی آنکھیں نم کر دی ہیں۔

Scroll to Top