ٹرمپ نے عالمی ٹیرف بڑھانے کا اعلان کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالتی فیصلے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے گلوبل ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بحیثیت امریکی صدر وہ عالمی ٹیرف میں پانچ فیصد مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ کئی ممالک دہائیوں سے امریکا کا استحصال کرتے رہے ہیں اس لیے امریکا کے مفادات کے تحفظ اور ملک کو دوبارہ عظیم بنانے کی پالیسی کے تحت نئے قانونی ٹیرف جلد جاری کیے جائیں گے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی سپریم کورٹ نے اپنے حالیہ فیصلے میں غیر ملکی تجارتی شراکت داروں پر عائد ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ صدر نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ اور وال اسٹریٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا، تاہم صدر ٹرمپ نے اس فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو شرمناک اور مایوس کن قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ججز کے فیصلوں پر وفاداریاں اثر انداز ہوتی ہیں جو امریکا کے مفادات کے خلاف ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے اقدامات نے ملک کی عظمت بحال کی ہے اور وہ دنیا بھر میں 8 جنگیں ختم کر چکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیرف امریکا کی قومی سلامتی کا معاملہ ہے اور ان کے پاس عدالتی رکاوٹوں سے نمٹنے کے لیے متبادل راستے موجود ہیں۔

Scroll to Top