یونیورسٹی آف ہری پور میں بھرتیوں کا معاملہ، خیبر پختونخوا حکومت کا اہم فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے یونیورسٹی آف ہری پور کے سلیکشن بورڈ سے متعلق سامنے آنے والے الزامات کی باضابطہ تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے سوشل میڈیا پر اقربا پروری اور میرٹ کی مبینہ خلاف ورزیوں کی شکایات کے بعد معاملے کی چھان بین کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو بھرتیوں کے پورے عمل کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

کمیٹی اشتہارات کے اجرا، امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ، انٹرویوز کے طریقہ کار اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرے گی تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ میرٹ کی مکمل پاسداری کی گئی یا نہیں۔

حکام کے مطابق کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دس دن کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے۔ رپورٹ کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے واضح کیا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری، سہیل آفریدی کا اہم اعلان

ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن بورڈ سے متعلق الزامات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں گی اور اگر کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکومت کے اس اقدام کو صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے نظام میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ طلبہ اور اساتذہ حلقوں کی نظریں اب تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر مرکوز ہیں۔

Scroll to Top