شمال مشرقی امریکا میں شدید برفانی طوفان، نظام زندگی مفلوج، ہزاروں پروازیں منسوخ

امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، ہزاروں پروازیں منسوخ جبکہ کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طوفان کے سبب 5 کروڑ 40 لاکھ افراد کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

طوفان کی شدت کے پیشِ نظر نیویارک، نیوجرسی، ڈیلاویئر، رہوڈ آئی لینڈ، کنیٹی کٹ اور میساچوسٹس میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

مقامی حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے اور تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

طوفان کی وجہ سے امریکا بھر میں 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ فیڈرل ایوی ایشن ایجنسی نے نیویارک کے ائیرپورٹس پر گراؤنڈ اسٹاپ کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔

نیویارک سٹی میں رات 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ میئر ظہران ممدانی نے شہر کے اسکول بند رکھنے کا بھی حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کویت میں 25 اور 26 فروری کو عام تعطیل، سرکاری دفاتر بند رہیں گے

رپورٹس کے مطابق نیویارک سٹی میں 18 سے 24 انچ اور بعض علاقوں میں 28 انچ تک برفباری کا امکان ہے۔ شمال مشرقی امریکا میں پیر کی صبح تک شدید برفباری اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، طوفان سے متاثرہ علاقوں میں احتیاط برتیں اور مقامی حکام کی جاری کردہ اطلاعات پر نظر رکھیں تاکہ کسی قسم کے حادثات یا مسائل سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top