کاشف الدین سید
کیپیٹل سٹی پولیس پشاور اور محکمہ ایکسائز کی جانب سے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال اور ان کی بندر بانٹ سے متعلق ایک اہم رپورٹ تیار کر لی گئی ہے جو جلد صوبائی حکومت اور پشاور ہائی کورٹ کو پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دونوں محکموں کے افسران اور ملازمین پکڑی جانے والی قیمتی گاڑیوں کو ذاتی استعمال میں لا رہے ہیں جبکہ کئی گاڑیاں سیاسی بنیادوں اور دیگر وجوہات پر عام شہریوں کے حوالے کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ ایکسائز کے کئی ملازمین کے زیر استعمال کروڑوں روپے مالیت کی ایسی گاڑیاں ہیں جن پر نمبر پلیٹ کے بجائے صرف محکمے کے بورڈ لگے ہوئے ہیں۔
اسی طرح کیپیٹل سٹی پولیس کی تحویل میں موجود گاڑیوں کا ایک بڑا حصہ بھی پولیس افسران، اہلکاروں اور من پسند شہریوں کے زیر استعمال پایا گیا ہے۔
متعلقہ حکام نے ان تمام گاڑیوں کی مکمل تفصیلات اور ڈیٹا جمع کر لیا ہے تاکہ عدالت عالیہ کو حقائق سے آگاہ کیا جا سکے۔





