پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں اختلافات، اہم رہنما کا عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ

پشاور،پی ٹی آئی میں اختلافات، ایک اور عہدیدار نے استعفیٰ دیدیا

شاہدجان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پشاور کی ضلعی تنظیم میں اختلافات شدت اختیار کر گئے جس کے نتیجے میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری وسیم زمان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

وسیم زمان نے اپنا استعفیٰ ضلعی صدر عرفان سلیم کو بھجوا دیا ہے جس میں ان کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

وسیم زمان نے استعفیٰ کے متن میں انکشاف کیا کہ انہیں 10 فروری کو ایڈوکیٹ علی زمان کے ہمراہ کچہری چوک سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا لیکن اس دوران ضلعی صدر کا کردار انتہائی مایوس کن رہا۔

استعفیٰ میں کہا گیا ہے کہ ہماری گمشدگی کی اطلاع کے باوجود آپ نے کوئی واضح لائحہ عمل یا ہدایات جاری نہیں کیں اور نہ ہی میری غیر موجودگی میں میرے خاندان سے رابطہ کر کے انہیں کوئی حوصلہ یا دلاسہ دیا گیا۔

انہوں نے مزید گلے شکوے کرتے ہوئے لکھا کہ واپسی پر بھی ضلعی صدر نہ تو ان کے گھر تشریف لائے اور نہ ہی فون کر کے خیریت دریافت کی۔

وسیم زمان نے کہا کہ اس رویے کے ساتھ میں آپ کے ماتحت کام کرنے سے معذرت کرتا ہوں اور آپ کو ضلعی صدارت جیسی بڑی ذمہ داری کا اہل نہیں سمجھتا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک عرفان سلیم ضلعی صدر ہیں وہ ضلعی کابینہ کی جانب سے دی جانے والی ہر کال کا احتجاجاً بائیکاٹ کریں گے۔

Scroll to Top