خیبرپختونخوا کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ، افغان طالبان کی جارحیت کا غرور خاک میں ملا دیا

پشاور: خیبرپختونخوا کے عوام نے افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا بھرپور اظہار کیا ہے۔

شہریوں نے پاک فوج کی مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور پاکستان سے دور رہنا چاہیے۔

عوام نے کہا ہماری مسلح افواج ملک کا ہر قیمت پر دفاع کرنا جانتی ہیں، اور ہم ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو مؤثر جوابی کارروائی کے دوران تباہ کیا اور دشمن کے کئی فوجی ہلاک ہوئے۔

شہریوں نے بتایا کہ افغان طالبان اپنی بلا اشتعال جارحیت کے بعد اب اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور ہیں۔

عوام نے مزید کہا جو لوگ بھارت کی ایماء پر پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتے ہیں، ہم ان کی آنکھیں نکال دیں گے۔ پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی اور اب افغانستان کابھی یہی حال ہے۔

شہریوں نے اس موقع پر اپنے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستان کے عوام ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کا سمندر سڑکوں پر: افغان بزدلی کے خلاف کراچی کی شاہراہیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں

جبکہ دوسری جانب ملک بھر خصوصاً کراچی میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور پاک فوج کی کامیاب کارروائی پر بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

مظاہرین نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ شہر کی اہم شاہراہیں قومی پرچموں سے سج گئیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بروقت اور مؤثر جواب دے کر دشمن کو بھاگنے پر مجبور کر دیا اور ملکی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا۔

عوام نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ریلیوں میں شریک شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم متحد ہے اور ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

Scroll to Top